بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی ٹیرف میں چار روپے چار پیسے کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی مسابقت بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کیلئے بجلی کے نرخوں میں چار روپے چار پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات معیشت میں سرکردہ تاجروں اور برآمد کنندگان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کاروباری برادری کے لیے دیگر اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ Wheeling چارجز کو کم کر کے نو روپے کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتیں قریبی صنعتوں کو اپنی بجلی فروخت کر سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم پر مارک اپ ریٹ ساڑھے سات فیصد سے کم کر کے ساڑھے چار فیصد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے آج ایوارڈ جیتنے والے برآمد کنندگان اور تاجروں کو دو سال کی میعاد کے ساتھ بلیو پاسپورٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وصول کنندگان سفیر عمومی ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم معیشت بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانا ہو گا۔

انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ شرح نمو میں اضافے اور زرمبادلہ کے حصول کیلئے برآمدات پر مبنی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے۔

شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سرمایہ لگانے پر زور دیا۔

انہوں نے آئندہ چند برسوں میں پاکستان کی معیشت کی ترقی میں کاروباری برادری کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان کی تجاویز پر غور کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی متعدد تجاویز پر پہلے ہی عمل کیا جا چکا ہے۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ملک میں برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے اور حکومتی پالیسیوں پر برآمد کنندگان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے اعلیٰ کاروباری رہنماؤں اور برآمد کنندگان میں ایوارڈز تقسیم کیے۔

اشتہار
Back to top button