
خیبر پختونخوا کی جامعات میں آئی ایس پی آر کے تحت سرمائی انٹرن شپ پروگرام جاری
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام طالبات کے لیے سرمائی انٹرن شپ پروگرام خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات میں جاری ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو تربیت فراہم کرنا، قومی جذبے کو فروغ دینا اور ملکی دفاعی شعبے سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت طالبات نے پشاور میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) پیرا ٹریننگ اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہیں پیرا ٹروپرز کی پیشہ ورانہ تربیت، عملی مشقوں اور جدید آپریشنل آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایس ایس جی کے ماہر انسٹرکٹرز نے پیرا جمپ کے طریقۂ کار کی وضاحت کی اور عملی مظاہرے بھی پیش کیے تاکہ طالبات کو آپریشنل تکنیکوں سے روشناس کرایا جا سکے۔
طالبات نے ایس ایس جی کمانڈوز کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو بے حد سراہا۔ دورے کے اختتام پر شرکاء نے پیرا ٹریننگ اسکول کے تعلیمی اور تربیتی ماحول کو انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ اس دورے سے انہیں فضائی محاذ پر ملک کے دفاع کے طریقۂ کار کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سخت تربیت اور فولادی نظم و ضبط کا مشاہدہ کر کے انہیں قومی سلامتی کے لیے ایس ایس جی اہلکاروں کی محنت اور لگن کا بہتر اندازہ ہوا۔













