بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خاران میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے

ضلع خاران کے شہر خاران میں سیکیورٹی فورسز نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تقریباً پندرہ سے بیس بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں نے خاران شہر میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔ دہشت گردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملے کیے۔

ان کارروائیوں کے دوران دہشت گرد بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف مقابلوں میں 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن میں یرغمال بنانے کا منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔ علاقے اور گردونواح میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔

اشتہار
Back to top button