بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان انڈر 19 کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح، ایشیا کپ کا شاندار اختتام

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ فتح پاکستان کی ایشیا کپ انڈر 19 کی تاریخ میں پہلی باقاعدہ (آؤٹ رائٹ) ٹائٹل کامیابی ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔

آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ پاکستان کی اننگز کی بنیاد سمیر منہاس کی شاندار سنچری نے رکھی، جنہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی لاجواب اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

سمیر منہاس نے اننگز کو سنبھالے رکھا اور درمیانی اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بناتے ہوئے عثمان خان (35 رنز) اور احمد حسین (56 رنز) کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں، جس سے پاکستان مضبوط پوزیشن میں آ گیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز احمد حسین کی روانی سے کھیلی گئی نصف سنچری نے ٹیم کے اسکور کو مزید تقویت دی۔

کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ اختتامی اوورز میں نقاب شفیق اور محمد صیام کی تیز رفتار بیٹنگ نے پاکستان کو ایک بڑا مجموعہ بنانے میں مدد دی۔

بھارت کی ٹیم 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں صرف 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی میں مشکلات سے دوچار کر دیا۔ محمد صیام اور عبدالصبحان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسپنر حذیفہ احسن نے بھی اہم دو وکٹیں لے کر دباؤ برقرار رکھا۔

میچ کے ہیرو سمیر منہاس کو ان کی میچ وننگ سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں 5 میچز میں 471 رنز اسکور کرنے پر انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی دیا گیا، جہاں ان کا اوسط 157 رہا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم اب افغانستان اور میزبان زمبابوے کے خلاف سہ فریقی سیریز کھیلنے کے لیے زمبابوے کا دورہ کرے گی جو جمعرات 25 دسمبر سے شروع ہوگی۔ اس کے بعد آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 15 جنوری سے 6 فروری 2026 تک زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔

اسکورز کا خلاصہ:

پاکستان: 347-8 (50 اوورز)
سمیر منہاس 172، احمد حسین 56، عثمان خان 35

بھارت: 156 آل آؤٹ (26.2 اوورز)
علی رضا 4-42، حذیفہ احسن 2-12

پلیئر آف دی میچ و ٹورنامنٹ: سمیر منہاس (پاکستان)

اشتہار
Back to top button