
پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں امریکہ کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے،رضوان سعید شیخ
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اسلام آباد ڈیجیٹل اثاثوں کو منظم اور باقاعدہ بنانے کے شعبے میں امریکہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید شراکت داری کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بات صدارتی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے امریکی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرک وٹ سے ملاقات کے دوران کہی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ نئی معیشت کا راستہ تعاون، اشتراک اور ہم آہنگی سے ہو کر گزرتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو کرنسی کے اپنانے اور ان کے ضابطہ کار کے حوالے سے پاکستان کی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام، ورچوئل اثاثہ جات آرڈیننس / ایکٹ 2025 کے نفاذ، پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام اور اسٹیٹ بینک کے موقف میں تاریخی تبدیلی، لاکھوں ڈیجیٹل اثاثہ جات استعمال کرنے والے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک مضبوط ادارہ جاتی فریم ورک اور جامع ماحولیاتی نظام کے قیام کی ہماری سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہیں۔
سفیر پاکستان نے نئی معیشت، ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین انقلاب کو منظم کرنے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔













