صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے اہداف کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔سارک چارٹر ڈے کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی کے لیے تیار ہے کہ جنوبی ایشیا کے تمام خواہش مند ممالک کے ساتھ مل کر تجارت، ٹرانزٹ، توانائی کے روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دے، تاکہ پورا خطہ اس کے فائدے اٹھا سکے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اور چین جیسے اہم علاقائی ممالک کو بھی سارک کی بحالی کے منصوبے کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ممالک کی شمولیت خطے میں رابطہ کاری، اقتصادی انضمام اور وسیع تر استحکام کو مزید مضبوط کرے گی۔
انہوں نے اس بات کی بھی تاکید کی کہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک مستقبل کی طرف وضاحت اور اخلاص کے ساتھ بڑھیں۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہماری مشترکہ خواہشات کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ غربت، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات، خوراک و توانائی کے عدم تحفظ اور صحت عامہ کے مسائل جیسے مشترکہ چیلنجز سے دوچار ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ چیلنجز سرحدوں تک محدود نہیں رہتے، اور ان سے نمٹنے کے لیے باہمی اعتماد، نیک نیتی اور تعاون کی حقیقی روح کے ساتھ اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان چارٹر آف سارک کے مقاصد کے لیے پرعزم ہے: صدر، وزیرِاعظم
