دبئی: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تجارت، زراعت، دفاع، ادویہ سازی، صحتِ عامہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں جمہوریہ مالدووا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ سید کاشف علی کی پاکستان میں جمہوریہ مالدووا کے اعزازی قونصل کے طور پر تقرری کے حوالے سے دبئی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اعزازی قونصل خانے کے قیام کو پاکستان اور مالدووا کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی سفارتکاری میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانیں مذاکرات، اعتماد سازی کے اقدامات اور طویل المدتی بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں مزید وسعت آئے گی اور دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
