انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ایئرپورٹ آمد پر صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انڈونیشیا کے صدر کے ہمراہ اہم وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔یہ صدر پرا بووو کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جو پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اپنے قیام کے دوران صدر پرا بووو وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔چیف آف آرمی اسٹاف اور چیفس آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان سے ملاقات کریں گے۔دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر گفتگو ہوگی، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، ماحولیات، تعلیم، ثقافت اور علاقائی و عالمی سطح پر مشترکہ تعاون جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

Exit mobile version