
صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقامی صنعت، تجارت اور عوام کے لیے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں بین الاقوامی تجارت میں کسٹمز ڈیوٹی اور دیگر اصلاحات کے لیے قائم ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی منظور کردہ نیشنل ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے، جو نہ صرف ملکی صنعتی پیداوار میں اضافہ کرے گی بلکہ مقامی اور عالمی منڈیوں میں کاروباری مسابقت کو بھی مضبوط بنائے گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دو طرفہ اور ٹرانزٹ تجارت کے تحت سرحدوں پر آنے والی مصنوعات پر کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ شفافیت اور بہتر ریونیو مینجمنٹ ممکن ہو سکے۔
ذیلی ورکنگ گروپ نے وزیراعظم کو کسٹمز اور ٹیکس وصولیوں سے متعلق مسائل پر بریفنگ دی اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیراعظم نے ان سفارشات کا خیر مقدم کیا اور متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور کاروبار و سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔













