بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور جرمنی کا تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم

پاکستان اور جرمنی نے دفاع، سیاست، معیشت، تجارت و سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ برسلز میں چوتھے یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ یوہان وادے فول کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان کے لیے جرمنی کی جانب سے 2025-26 کے لیے 11 کروڑ 40 لاکھ یورو کی معاونت کو سراہا، جو ماحولیات و توانائی کی تبدیلی، پائیدار معاشی ترقی، ووکیشنل تربیت اور سماجی تحفظ کے پروگراموں پر مرکوز ہے۔ اسحاق ڈار نے جرمن قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے پاکستان۔جرمنی تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کیا۔ انہوں نے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفاہمت و مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسی دوران اسحاق ڈار کی ملاقات فلپائن کی سیکرٹری آف فارن افیئرز ما ٹریسا پی. لزارو سے بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے گئے۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر جاری تعاون پر اطمینان ظاہر کیا اور ایک دوسرے کی امیدواریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے سری لنکا کے نائب وزیر برائے خارجہ و غیر ملکی روزگار ارون ہیماچندرا سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کے برادرانہ تعلقات کو اعلیٰ سطحی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، ثقافت، تعلیم، دفاع، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
فریقین نے باہمی سطح پر اور کثیرالجہتی فورمز میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اشتہار
Back to top button