
چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی، اور فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ ان کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کےامیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 ووٹ جبکہ 2 مخالفت میں آئے، اس طرح فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے۔
تحریک کی کامیابی کے بعد وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ علالت کے باعث صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نئے وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے، ان کی جگہ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔
قبل ازیں، پیپلز پارٹی کے رکن قاسم مجید نے ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کی۔یہ تحریک جمعے کی دوپہر اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی، جس پر 25 اراکین نے دستخط کیے تھے، جن میں 23 ارکان کا تعلق پیپلز پارٹی اور 2 کا مسلم لیگ (ن) سے تھا۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے ساتھ ساتھ قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق احمد بھی شریک ہیں۔اجلاس کے آغاز کے کچھ دیر بعد وزیراعظم انوارالحق 4 ارکان کے ہمراہ ایوان میں پہنچے اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار راجا فیصل ممتاز راٹھور سے مصافحہ کیا۔













