بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان افغان سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی نہیں ہونے دے گا۔یہ بات انہوں نے اپنے دورہ پشاور کے دوران کہی جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگہ کے ساتھ بات چیت کی۔فیلڈ مارشل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کے تسلسل کے باوجود، پاکستان نے گزشتہ چند سالوں میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور افغانستان سے سفارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھایا ہے، جس کا مقصد پاک افغان دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاہم بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ال ہندستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے بجائے، افغان طالبان حکومت ان گروہوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔سید عاصم منیر نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سیکیورٹی فورسز کو قبائلی عوام کی جانب سے دی جانے والی ثابت قدم اور غیر مشروط حمایت کو سراہا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کے عزم اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان کے خلاف مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے فیلڈ مارشل کی دوٹوک انداز میں گفتگو کو سراہا اور پاکستان میں امن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا فتنہ الخوارج کے من گھڑت نظریات خیبر پختونخواہ کے قبائل کوقبول نہیں ہیں۔بعد میں فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ان کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

اشتہار
Back to top button