
بعض افغان حکام کے بیانات طالبان حکومت کی منحرف ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں:آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بعض افغان حکام کے زہریلے بیانات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طالبان حکومت کی منحرف اور منقسم ذہنیت کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے برادر ممالک جن کی طالبان حکومت مسلسل منت کرتی رہی، کی درخواست پر امن کا موقع فراہم کرنے کیلئے بات چیت کی۔وزیر دفاع نے کہا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ طالبان حکومت صرف اپنی غاصب حکمرانی اور جنگ پر مبنی معیشت کو برقرار رکھنے کیلئے کس طرح آنکھیں بند کر کے افغانستان کو ایک
اور تنازع میں دھکیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی موروثی اور محدود جنگی صلاحیتوں سے آگاہی کے باوجود وہ اپنی حقیقت چھپانے کیلئے جنگ کا طبل بجا رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر طالبان حکومت ہم سے لڑنا چاہتی ہے تو دنیا دیکھے گی کہ ان کی دھمکیاں صرف تماشا ہیں حقیقت نہیں۔وزیر دفاع نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گرد حملے یا خودکش دھماکے کا منہ توڑ جواب دے گا۔











