
پاکستان اور قطر کا کاروباری سطح پر تعلقات مضبوط بنانے اور زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور قطر نے زرعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور کاروباری سطح (B2B) پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور پاکستان میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر کے درمیان بدھ کے روز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔ملاقات میں زرعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور برادرانہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات کی فراہمی کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے، بالخصوص حلال گوشت، پھل، سبزیاں، چاول اور مویشیوں کے چارے کے شعبوں میں۔انہوں نے زرعی شعبے میں ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دی تاکہ دوطرفہ تعاون کے لیے ایک باضابطہ فریم ورک تشکیل دیا جا سکے اور ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
انہوں نے قطری سفیر کو پاکستان کی نئی زرعی مصنوعات، خصوصاً اونٹنی کے دودھ سے تیار کردہ پاؤڈر کی پیداوار اور برآمد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔رانا تنویر حسین نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اپنے بزنس فرینڈلی وژن کے تحت تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔
اس موقع پر قطری سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس زرخیز زرعی وسائل اور تربیت یافتہ افرادی قوت موجود ہے، جو قطر کے فوڈ سیکیورٹی وژن 2030 میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔