بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

ملک بھر میں 4 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) نے اطلاع دی ہے کہ ملک بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے پانچ دنوں کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب میں سب سے زیادہ بچوں کو ویکسین دی گئی، جہاں دو کروڑ 29 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ سندھ میں تقریباً ایک کروڑ 2 لاکھ، خیبر پختونخوا میں 61 لاکھ، اور بلوچستان میں 25 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔

اسی طرح اسلام آباد میں تقریباً 4 لاکھ 43 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 94 ہزار، اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 33 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق، اس قومی مہم کا ہدف 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین فراہم کرنا ہے، اور یہ مہم اتوار تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ تاہم، جنوبی خیبر پختونخوا میں یہ مہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیر سے شروع کی جائے گی۔

این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ضرور پولیو ویکسین پلوائیں تاکہ ملک کو اس موذی مرض سے مستقل طور پر نجات دلائی جا سکے۔

اشتہار
Back to top button