
صدرِمملکت اور وزیرِاعظم کی چین کو 76ویں یومِ قومی پر دلی مبارکباد
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کی حکومت اور عوام کو ان کے 76ویں یومِ قومی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں صدر اور وزیرِاعظم نے کہا کہ چین کا قومی دن اُس شاندار سفر کی عکاسی کرتا ہے جو ترقی، اتحاد اور قومی استحکام کی علامت ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت نے چین کو اختراع، عالمی اثر و رسوخ، اور پائیدار ترقی کے میدان میں نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے سائنس، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین کا قومی دن عالمی سطح پر ترقی، استحکام اور قیامِ امن میں اس کے کردار کا بھی اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم معاشی اشتراک ہے، جو اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔