
ایشیا کپ فائنل، پاکستان اور بھارت کا آج بڑا ٹکراؤ
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کرکٹ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں آج پہلی بار فائنل میں مدمقابل آئیں گی، میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے، بھارتی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھنے کی توقع کی جارہی ہے۔ٹی 20 ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
بھارتی ٹیم ایونٹ میں 6 میچز کھیل کر ناقابل شکست ہے، پاکستان کو 2 میچز میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ایونٹ کے فائنل سے پہلے بھارتی ٹیم کو فٹنس مسائل نے گھیر لیا، ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف ایک اوور کراکر میچ سے باہر ہوگئے، بھارت کے بولنگ کوچ مورنی مورکل کہتے ہیں پانڈیا کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے ہوگا جبکہ ابھیشیک شرما میچ سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔پاکستان ٹیم میں بھی تبدیلیوں کا امکان کم ہے، میچ سے پہلے پاکستان نے آخری پریکٹس سیشن کیا، سلمان آغا اور صائم ایوب بیٹنگ میں بھرپور جان مارتے ہوئے نظر آئے جبکہ دیگر بلے بازوں اور باؤلرز نے بھی خوب پسینہ بہایا۔