بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے کثیرجہتی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ سب سے اہم عالمی مسائل سے نمٹنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے عالمی امن و استحکام کو فروغ دینے کے علاوہ ترقی پذیر ملکوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی نظم و نسق کو مضبوط بنانے میں اقوام متحدہ کے کردار پر سیکرٹری جنرل کی مدبرانہ قیادت کو سراہا۔

وزیر اعظم نے پاکستان جیسے سب سے زیادہ آب و ہوا کے خطرے سے دوچار ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اضافی مالیاتی اقدامات سمیت مربوط بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے جموں و کشمیر کا تنازع، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی سمیت قومی اور علاقائی اہمیت کے اہم مسائل سے نمٹنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

غزہ کے سلگتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اور فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے مستقل سیاسی عمل کے آغاز کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

 

اشتہار
Back to top button