
وزیراعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے فوراً بعد سیلاب کی حالیہ صورتحال اور امداد وبحالی کی کوششوں سے متعلق نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
شہباز شریف نے کہاکہ فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ امداد اور بحالی کے لیے موثر منصوبہ بندی کی جاسکے۔
وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امداد اور بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ہدایت کی کہ وہ امداد اور بحالی کے کاموں کی کڑی نگرانی کریں اور جائزہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں۔
وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ دریائے ستلج کے قریب ایم۔ فائیوکے سیلاب سے متاثرہ حصے کی بحالی کا کام تیز کیا جائے۔