بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں پرزور

وزیراعظم شہبازشریف نے آنے والے سالوں میں قدرتی آفات خصوصاً سیلاب کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وہ آج (جمعرات) نارووال میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں انہیں ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے سیلابی ریلوں کے اثرات کم کرنے کے لئے پانی کوذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ ذیلی محکمے بھی تیاری کریں گے۔وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی اموات اور تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ تعاون سے کام کرنے پر مسلح افواج کو سراہا۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں یقین دہانی کرائی کہ مکمل بحالی، تعمیر نواور متاثرین کے نقصانات کے ازالے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ نے سیلاب کے باعث کرتارپور ،گوردوارہ کے منہدم ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سکھ برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری طور پر نکاسی آب کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے پانی سے پیدا ہونے والے امراض کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے نامزد ہسپتال متحرک ہیں۔منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے سیلاب کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ڈھانچہ جاتی نقائص کی نشاندہی کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔قومی ہنگامی امدادی ادارے کے چیئرمین نے اجلاس میں سیلاب کے باعث ہونے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعظم نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اشتہار
Back to top button