
وزیر اعلیٰ کی ہدایات، سیلاب متاثرین کیلئے گرینڈ ریسکیو آپریشن، ہسپتالوں میں ایمرجنسی، چھٹیاں منسوخ
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لئے گرینڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
38 سال بعد پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار تین دریاؤں میں سیلاب کی وجہ سے صوبے میں سب سے بڑا اور غیر معمولی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن شروع کیا گیا، دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب سے پنجاب کے کل 769 موضع جات کے 6 لاکھ ایک ہزار 126 شہری متاثر ہوئے
سیلاب متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کے لئے 263 ریلیف کیمپ، 161 میڈیکل کیمپ قائم ، خوراک، علاج اور عارضی پناہ گاہیں فراہم کردی گئیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
اسی طرح سمبڑیال، سیالکوٹ اور پسرور سمیت سیلاب متاثرین میں خوراک، پانی اور دیگر اشیاءکی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، قصور، ننکانہ، چنیوٹ، پلکھو نالہ وزیرآباد سمیت دیگر سیلاب زدہ علاقوں سے شہریوں کی منتقلی کا بڑا آپریشن کیا گیا۔
دوسری جانب پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے مشترکہ طورپر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں شریک ہیں ،دیہی علاقوں میں پالتو جانوروں کو بھی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
سیلاب سے بے گھر ہونے والوں کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ، سیلاب متاثرین کے علاج معالجے کے لئے ہنگامی طبی کیمپ بھی قائم، ملحقہ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کردیاگیا، دریائے چناب کے کنارے آباد کل 333 موضع جات میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں
سیالکوٹ میں 133، وزیرآباد میں16،گجرات میں 20، منڈی بہاﺅالدین میں 12 ، چنیوٹ میں 100 اور جھنگ میں 52 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے،متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کے لئے78 ریلیف کیمپس اور28 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
دریائے راوی کے کنارے آباد 101 موضع جات کی 70 ہزار 358 لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، دریائے راوی کے کنارے متاثر ہونے والے شہروں میں ناروال، ننکانہ، قصور اور ساہیوال شامل ہیں۔
دریائے راوی میں سیلاب سے متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کے لئے 81 ریلیف کیمپ اور 28 میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں، دریائے ستلج کے کنارے آباد 335 موضع جات کے 3 لاکھ 80 ہزار768 شہری سیلاب سے متاثر ہوئے، دریائے ستلج کے سیلاب متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کے لئے 104 ریلیف کیمپ اور 105 میڈیکل کیمپ کام کررہے ہیں
دریائے ستلج میں سیلاب سے متاثر ہونے والے شہروں میں قصور، اوکاڑہ، پاک پتن، ملتان، وہاڑی، بہاولنگر اور بہاولپور شامل ہیں ،وزیراعلی پنجاب کی پاک فوج سمیت ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں شریک اداروں، افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کی بحالی میرا مشن ہے،بے گھر وں کی اُن کے گھروں میں آباد ہونے تک بھرپور مدد کریں گے۔