بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

وزیراعظم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کاپرعزم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا ہے۔وہ روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسسکو آریزو کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاکستان سے اس مہلک بیماری کے خاتمے میں دیگر بین الاقوامی اداروں کی طرح مکمل تعاون پر روٹری انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے میں چیلنجز ہیں تاہم حکومت لگن اور محنت سے پاکستان کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پولیو کے خاتمے میں مشکلات ضرور ہیں لیکن یہ ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم میں پولیو ورکرز کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے حکومت کے انسداد پولیو کے اقدامات کو سراہا۔ اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وزیر اعظم کی خصوصی توجہ اور قیادت سے پاکستان سے اس مہلک بیماری کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔

وفد نے روٹری انٹرنیشنل کے پولیو کے خلاف جنگ میں حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل نے گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کے خاتمے پر 500 ملین ڈالر خرچ کیے تھے اور اس سال اس مقصد کے لیے خطیر رقم خرچ کرنے کا خواہاں ہے۔روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے وزیراعظم کی جانب سے پولیو کے خاتمے کی ٹیم کے انتخاب اور ٹیم کے اقدامات کو بھی سراہا۔

اشتہار
Back to top button