
پیر کو یومِ ہیپاٹائٹس منایا گیا تاکہ عوام میں اس وائرس سے متعلق آگاہی بڑھائی جا سکے جو جگر کے شدید امراض اور جگر کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔ اس سال کا موضوع "ہیپاٹائٹس: آئیے اسے توڑیں” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد ان رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے جو اس مرض کے خاتمے میں حائل ہیں۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں عوامی آگاہی بڑھانے اور مربوط قومی حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ لاکھوں افراد ہیپاٹائٹس سے خاموشی سے متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ تاخیر سے تشخیص، آگاہی کی کمی اور صحت کی ناکافی سہولیات ہیں۔وزیراعظم نے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ "وزیراعظم قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی” کے تحت 2030 تک 165 ملین افراد کی اسکریننگ اور تمام مثبت کیسز کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔