
سائنس و ٹیکنالوجی
بین الاقوامی یومِ چاند آج منایا جا رہا ہے
اسلام آباد: دنیا بھر میں آج بین الاقوامی یومِ چاند منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد چاند کی تسخیر میں انسانی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
یہ دن 1969 میں اپالو 11 مشن کے تحت انسان کے چاند پر پہلے قدم رکھنے کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے، جب نیل آرمسٹرانگ نے تاریخ رقم کی تھی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2021 میں "بین الاقوامی تعاون برائے پُرامن خلائی استعمال” کے عنوان سے منظور کی گئی قرارداد کے تحت 20 جولائی کو بین الاقوامی یومِ چاند قرار دیا تھا۔
یومِ چاند کی تقریبات میں چاند کی کھوج اور اس حوالے سے مختلف ممالک کی سائنسی کامیابیوں کو بھی سراہا جاتا ہے، جو خلائی تحقیق کے میدان میں عالمی اشتراک اور ترقی کی علامت ہیں۔