
سرگودھا میں آرٹس کونسل میں کیلی گرافی اور پینٹنگز کی تصویری نمائش کا انعقاد
سرگودھا میں آرٹس کونسل میں کیلی گرافی اور پینٹنگز کی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں قدرت کے نظاروں کو خوبصورتی سے کینوس پر اتارنے پر شرکاء نے خوب سراہا۔ قدرت کے رنگ جب ایک ہی منظر میں سمٹ آئیں تو شاہکار کا روپ دھار لیتے ہیں۔ دلوں کو چھو لینے والے رنگوں اور انہیں کینوس پر اتارنے والے مصوروں کے فن پارے آرٹس کونسل میں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
مصوروں نے پنجابی ثقافت اور انسانی تاثرات کا اظہار کیلی گرافی اور پینٹنگز کے ذریعے کیا۔مصوری اور کیلی گرافی کے دلدادہ افراد نے طالبات کی پینٹنگز اور دیگر تخلیقی کام کو بے حد پسند کیا اور نمائش میں بھرپور دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
نمائش میں شریک طالبات کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ضرورت اس چیز کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے ایسی نمائشوں کا اہتمام ہوتے رہنا چاہیئے۔
نمائش میں سجا ہر فن پارہ طالبات کی مصوری میں مہارت کا عکاس تھا جس کے باعث شہریوں نے بھی اس کاوش کو خوب سراہا ۔