
چنے اور لوبیا کھانے کے طبی فوائد
ایک مختصر مگر منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چنے اور لوبیا جیسی غذائیں ذیابیطس، کولیسٹرول، انفلیمیشن اور غذائی نالی میں تیزابیت سے بچانے میں مددگار ہوتے ہیں جب کہ ان کا یومیہ استعمال امراض قلب سے بھی دور رکھتا ہے۔طبی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں 72 افراد پر 12 ہفتوں تک کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چنے، سفید اور کالا لوبیا جیسی غذائیں خون میں شوگر کی سطح کو بڑھانے سے بھی روکنے میں مددگار ہوتی ہیں۔
ماہرین نے پری ڈائیبیٹک رضاکاروں پر تحقیق کی اور انہیں دو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا، جس میں سے ایک گروپ کو چنے، دوسرے گروپ کو لوبیا کا استعمال کرنے کا کہا گیا۔ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام رضاکاروں میں کولیسٹرول اور شوگز کی سطح سمیت ان میں انفلیمیشن کی سطح بھی دیکھی جب کہ تحقیق کے 6 ہفتوں بعد تمام رضاکاروں کے دوبارہ ٹیسٹ بھی کیے۔ماہرین نے تحقیق ختم ہونے کے بعد یعنی 12 ہفتوں بعد تمام رضاکاروں کے ٹیسٹ کرکے ان میں ہونے والی تبدیلیوں کو نوٹ کرکے نتائج اخذ کیے۔ماہرین نے پایا کہ تمام رضاکاروں یعنی چنے اور لوبیا کا استعمال کرنے والے تمام ہی افراد میں 12 ہفتوں بعد شوگر اور کولیسٹرول کی سطح کم ہوگئی تھی۔
ماہرین نے یہ بھی پایا کہ تمام رضاکاروں کی غذائی نالی میں جلد اور تیزابیت بھی کم ہوگئی جب کہ ان کے معدے سمیت نظام ہاضمہ میں بھی بہتری ہوئی۔ماہرین کا کہنا تھا کہ چنوں یا لوبیا کا یومیہ استعمال کولیسٹرول، شوگر، اانفلمیشن اور نظام ہاضمہ کی دوسری بیماریوں سے بچانے میں مددگارہوتا ہے، جس سے امراض قلب ہونے کے امکانات بھی نمایاں طور پر کم ہوجاتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ ہائی کولیسٹرول اور ہائی شوگر سے امراض قلب سمیت دیگر پیچیدگیاں بڑھنے کے امکانات نمایاں حد تک بڑھ جاتے ہیں، اس لیے چنوں اور لوبیا کا استعمال ایسی بیماریوں سے بچانے میں مددگار ہوسکتا ہے۔ماہرین نے تجویز دی کہ کھانے میں چنوں اور لوبیا کا استعمال لازمی کیا جانا چاہیے اور اگر یومیہ ایک پیالی استعمال کی جائی تو اس کے فوائد نمایاں ہوں گے۔