بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

فائبر سے بھرپور غذا کھانے کےفوائد

ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وزن اور شوگر کو کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے فائبر ایک مؤثر اور قدرتی حل ثابت ہو سکتا ہے۔طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق فائبر نہ صرف ہاضمہ بہتر بناتا ہے بلکہ بھوک کم کرنے، بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہے۔ماہرین غذائیت کے مطابق، روزانہ کی خوراک میں فائبر کی مناسب مقدار شامل کرنا وزن کم کرنے کے لیے ایک سادہ مگر مؤثر حکمت عملی ہے۔

فائبر ایک ایسا کاربوہائیڈریٹ ہے جو ہمارے جسم میں ہضم نہیں ہوتا لیکن یہ ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے اور پیٹ کو بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے۔اس کی دو اقسام ہیں، پہلی قسم میں فائبر پانی میں حل ہو کر جیل کی شکل اختیار کرتا ہے، جس سے ہاضمہ سست ہوتا ہے اور بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح متوازن رہتی ہے, دوسری قسم کا فائبر آنتوں کی حرکت کو تیز کرتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔ماہرین کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا کھانے سے پیٹ جلدی بھر جاتا ہے، جس سے کم کھانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ماہرین نے فائبر کے کئی فوائد بتائے ہیں جن میں بلڈ شوگر کو کنٹرول رکھنا شامل ہے, فائبر بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتا ہے، جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔

فائبر کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کرتا ہے، جو دل کی بیماریوں کے خطرے کو گھٹاتا ہے, یہ ہاظمہ بھی بہتر کرتا ہے، فائبر آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ فائبر مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے, فائبر آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش کو فروغ دیتا ہے، جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔

اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ روزانہ کتنا فائبر ہمیں اپنی غذا میں شامل کرنا چاہیے، تاہم ماہرین کے مطابق، بالغ مردوں کو روزانہ تقریباً 34 گرام اور خواتین کو 28 گرام فائبر کی ضرورت ہوتی ہے لیکن زیادہ تر لوگ اس مقدار سے کم فائبر استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین نے فائبر سے بھرپور کچھ غذائیں بھی بتائی ہیں جن میں پھل، سبزیاں، دالیں، اناج، بیج اور گریاں شامل ہیں۔

بعدازاں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خوراک سے مطلوبہ فائبر حاصل نہ ہو سکے تو سپلیمنٹس جیسے سائیلیم ہسک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم، ان کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہیے، خاص طور پر اگر آپ کسی بیماری میں مبتلا ہیں یا دوا استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فائبر وزن کم کرنے کا ایک قدرتی اور مؤثر ذریعہ ہے, اسے روزمرہ کی خوراک میں شامل کر کے نہ صرف وزن کم کیا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی صحت کو بھی بہتر بنایا جاسکتا ہے, تاہم، فائبر کا استعمال متوازن طریقے سے اور ماہرین کی رہنمائی میں کرنا چاہیے تاکہ اس کے تمام فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

اشتہار
Back to top button