بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی برسی پر خراج عقیدت پیش، پیرعبدالصمدانقلابی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر کے سرکردہ اور قد آور دینی و سیاسی رہنما اور بلند ترین مذہبی قائد میرواعظ خاندان کے چشم و چراغ اور عہد ساز شخصیت شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کو ان کے 35ویں یوم شہادت اور بے باک کشمیری رہنما شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کو ان کے 23ویں سال شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء جموں کشمیر نے اپنا فرض بھی ادا کیا اور قرض بھی ادا کیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنا فرض بھی ادا کریں گے اور قرض بھی ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کی ناگہانی شہادت سے قوم ایک عظیم اور بے لوث رہنما سے محروم ہو گئی جنہوں نے مسلسل اپنے فکر و عمل کی رہنمائی کے ذریعے عوام کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا۔ وہ ایک فعال اور متحرک شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کرنے کا طریقہ اپنایا کیونکہ اسی راستے سے نہ صرف تعمیر و تعلیم اور ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ امن وسلامتی اور انصاف کی بالادستی یقینی بنتی ہے اور اسی عمل سے نہ صرف جموں کشمیر بلکہ پورے بر صغیر میں امن و سلامتی کی راہیں استوار ہو سکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ صرف 45 سال کی عمر میں ہی سیاسی بصیرت اور فہم و دانش کے اس مجسمے کو ایک گھناؤنی سازش کے تحت انتہائی بے دردی سے شہید کر کے جموں کشمیر کے لوگوں کو انکی موثر رہنمائی اور متحرک قیادت سے ہمیشہ کیلئے محروم کردیا گیا۔ بیان میں شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک دور اندیش اور نڈر رہنما اور سیاست دان تھے جنہوں نے مسئلہ جموں کشمیر کے پُر امن اور منصفانہ حل کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ ایک دانشور تھے جنہوں نے اپنے لوگوں کے امنگوں کی جب بھی اور جہاں بھی موقعہ ملا بھر پور وکالت کی۔

اشتہار
Back to top button