
جیلوں میں نظر بند جموں کشمیر کے تمام حریت پسند قیدیوں کے ساتھ رواں رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت، پیر عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند جموں کشمیر کے تمام حریت پسند قیدیوں کے ساتھ رواں رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ من گھڑت الزامات کے تحت جیلوں میں بند جموں کشمیر کے لوگوں کی نظربندوں کو منظم طریقے سے علاج معالجے، قانونی امداد اور اہلخانہ سے ملاقات سمیت بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔پیر عبدالصمد انقلابی نے جموں کی کوٹ بلوال سنٹرل جیل میں نظربند عمر قید کی سزا کاٹنے والے 70 سالہ محمد ایوب میر کے کیس کا حوالہ دیا جو معدے کے کینسرمیں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ محمد ایوب میر صاحب میرا جیل ساتھی بھی رہا، علاج ومعالجے میں جیل حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے محمد ایوب میر کی حالت بگڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جموں کشمیر کے لوگوں کی آواز کو دبانے کے لئے ظلم وجبر اور تشدد کے وسیع تر سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ پیر عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی تنظیوں اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی مختلف جیلوں کا فوری معائنہ کریں، جن میں جموں کشمیر کے حریت پسند نظربند ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام جموں کشمیر کے حریت پسند رہنماؤں اور حریت پسند کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے ممتاز آزادی پسند رہنما شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی برسی پر انکو اور دیگر شہداء جموں کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء جموں کشمیر نے اپنا فرض بھی ادا کیا اور قرض بھی ادا کیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنا فرض بھی ادا کریں گے اور قرض بھی ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔