
وزیراعظم کی درآمدی محصولات ٹیرف میں نمایاں کمی کی منظوری
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔وزیر اعظم نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے درآمدی محصولات (ٹیرف) میں بتدریج کمی کی منظوری دی ہے۔اس اقدام کو معاشی بہتری کے حصول کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے برآمدات پر مبنی ترقی ممکن ہوگی اور مہنگائی کی شرح کو بھی کنٹرول میں رکھنے میں مددملے گی، بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت مضبوط معیشت کے حصول،روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مہنگائی کے دیرپا اور مکمل خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ملکی وغیرملکی ماہرین معیشت سے سیر حاصل مشاورت کے بعد بنیادی معاشی اصلاحات کے لیے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو روزگار کی فراہمی اور خاص طور پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
وزیر اعظم نے اضافی کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو اگلے چار سے پانچ سال میں مکمل طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کسٹمز ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی معاشی بہتری ان کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔