
بھارت کے75سے 80جیٹ فائٹرز نے پاکستان پر حملہ کیا، اسحا ق ڈار
اگر فورسز کو تحمل کا نہ کہا گیا ہوتا تو دشمن کے پانچ نہیں 15طیارے گرے ہوتے،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی پارلیمنٹ میں گفتگو
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے 75 سے 80 جیٹ فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا اسے جواب دیا گیا، ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی، ہماری فضائیہ نے بھرپور رد عمل دیا۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس انڈین فائٹر نے پے لوڈ گرایا، ہم نے اسے نشانہ بنایا، ہم نے 5انڈین طیارے، 3فائٹرز جہاز 2ان مینڈ کاپٹرز گرائے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ قوم مسلح افواج کو مستعد رہنے اور جواب دینے پر مبارکباد دیتی ہے، یو این سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات واقعے کے بعد غیر ملکی سفیروں سے بات ہوئی، اسپین کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی ہے، او آئی سی کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہل نہیں کی لیکن جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اگر فورسز کو تحمل کا نہ کہا گیا ہوتا تو دشمن کے پانچ نہیں 15 طیارے گرے ہوتے، اگر ہماری ایئر فورس کو باقاعدہ حملہ کرنے کی ہدایت ہوتی تو نتائج کچھ اور ہوتے، قوم کو جلد معلوم ہو گا کہ آگے کیا ہوتا ہے، بھارت نے جو بھی کیا وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
نیلم جہلم پراجیکٹ کو انڈیا کو نشانہ بنانا سنگین خلاف ورزی اور دگنا مجرمانہ ایکٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ملین آف ڈالرز کے فائٹرز طیارے مار گرائے ہیں، دشمن کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے پہلے ہی کہا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا آبی ذخائر پر حملہ سب سے سنگین خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل کو تمام حقائق سے آگاہ کر دیا گیا ہے، بھارتی قونصل جنرل کو طلب کر کے ڈیمارش کیا ہے، ہم امریکا سمیت تمام ممالک سے رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے، اب تک مثبت جواب نہیں ملا، اگر ہمارے ہاتھ صاف نہ ہوتے ہو ہم یہ آزادانہ تحقیقات کی پیش کش نہ کرتے، پاکستان کو برتری حاصل ہے، ہم نے پہل بھی نہیں کی اور حملہ بھی نہیں کیا۔ پہلے بھی کہا تھا کہ بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، پہلے بھی کہا تھا بھارت نے حملہ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔