
اقوام متحدہ، امریکہ، چین، ترکیہ کا پاکستان بھارت حملوں پر ردعمل
پاکستان پر بھارتی حملوں پر افسوس اور تشویش ہے چینی وزارت خارجہ
اقوام متحدہ ، امریکہ ، چین ، ترکیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدھی اور حملوں پر تشویش ظاہر کی ہے چین نے بھارت کی جانب سے حملوں کو افسوس ناک قرار دے دیا، ترکیہ نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
چین نے پاکستان پر بھارتی حملوں پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں جوہری فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کے جواب میں تحمل کا مظاہرہ کریں۔پاکستان کے قریبی اتحادی چین نے کہا کہ اسے آج بھارت کی فوجی کارروائی پر افسوس کا ہے، اسے موجودہ پیشرفت پر تشویش ہے۔چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ایسے ہمسایہ ممالک ہیں، جنہیں الگ نہیں کیا جا سکتا، اور دونوں چین کے ہمسائے بھی ہیں، چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان دونوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امن و استحکام کو ترجیح دیں، پرسکون اور پرسکون رہیں، اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو۔دوسری جانب اسلام آباد میں تعینات ترکیہ کے سفیر نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی، بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلااشتعال خلاف ورزی اور بے گناہ جانوں کے المناک زیاں کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترکیہ کے سفیر نے علاقائی سلامتی کے خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اور قریبی ہم آہنگی اور تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسلام آباد میں ترکیہ کے سفیر نے پاکستان کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی کارروائی کو پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی قرار دیا۔پاکستانی وزارت خارجہ نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے علاقائی سلامتی کے خدشات پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا، اور قریبی تعاون کا عہد کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے بھارتی حملوں کے سوال پر میڈیا کو بتایا کہ کہ شرمناک کارروائی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں سے رابطہ کرکے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر زور دیا ہے۔ مارکو روبیو نے دونوں ملکوں کے عہدیداروں سے رابطے کرکے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے بند نہ کیے جائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت جنگ جلد ختم ہوجائے گی۔امریکی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ پاک، بھارت کشیدگی کو انتہائی قریب سے دیکھ رہے ہیں، کشیدگی کے حل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت سے بات چیت جاری ہے۔ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت سے صورت حال کے پرامن حل کے لیے رابطے میں رہیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورت حال کا جائزہ لے رہا ہوں۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الفاظ کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ جنگی صورت حال جلد ختم ہوجائے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ میزائل حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکریٹری جنرل دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی محاذ آرائی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔انتونیو گوتریس کا یہ بیان بھارتی فوج کی جانب سے آپریشن سندور کے تحت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 مقامات پر کیے گئے 24 میزائل حملوں کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔