
کمپٹیشن کمیشن نے نشاط ہوٹلز کو ہوٹل مارگلہ اسلام آباد ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے میسرز نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ کو اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر واقع ، ہوٹل مارگلہ پرائیویٹ لمیٹڈ کو ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔دونوں کمپنیوں کے مابین سیل اینڈ پرچیز ایگریمنٹ کے مطابق ، نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ میسرز ہوٹل مارگلہ لمیٹڈ کے اثاثے ایکوائر کرے گا، جن میں سری نگر ہائی وے پر واقع ہوٹل کے پلاٹ کی لیز ہولڈنگ کے حقوق، مکمل تعمیر شدہ عمارت، فرنیچر اور فکسچرز، یوٹیلیٹی کنکشنز، متعلقہ ڈپازٹس اور تمام منقولہ جائیداد شامل ہیں۔
کمیشن نے اس ٹرانزیکشن کے نتیجے میں اسلام آباد میں ہاسپٹیلٹی سروسز کی مارکیٹ میں مقابلے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔
ہوٹل مارگلہ، جو 92 کمروں پر مشتمل موٹل ہے، اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں تقریباً 5.46 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا ہے۔دونوں کمپنیاں ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں کام کرتی ہیں، تاہم نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ کی کاروباری سرگرمیاں زیادہ تر لاہور میں مرکوز ہیں، جبکہ ہوٹل مارگلہ پرائیویٹ لمیٹڈ صرف اسلام آباد میں ہی آپریٹ کر رہا ہے۔ چونکہ اس معاہدے کے نتیجے میں جغرافیائی مارکیٹ میں براہ راست کوئی اوورلیپ نہیں ہو گا، اس لیے مارکیٹ میں مقابلے یا ارتکاز سے متعلق خدشات پیدا ہونے کا امکان کم ہے۔ مزید برآں، ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں نئے سرمایہ کاروں کے داخلے میں رکاوٹیں نہیں، جو کسی بھی ممکنہ غیر مسابقتی اثرات کے امکانات مزید کم ہو جاتے ہیں۔