بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ساتویں کومبیکس ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی رنگا رنگ شاندار افتتاحی تقریب لیاقت جمنازیم ہال اسلام آباد میں منعقد

ساتویں کومبیکس ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی رنگا رنگ اورشاندار افتتاحی تقریب لیاقت جمنازیم ہال اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں 20 سے زائد ممالک کے 400 ایتھلیٹس اور مختلف ممالک کے سفارتخانوں کے سفیروں نے شرکت کی۔

چیمپئین شپ میں شریک ممالک کے جھنڈوں کی پریڈ اور قومی کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس نے حاضرین کے دل جیت لئے افتتاحی تقریب میں ایشین تائیکوانڈو یونین (ATU) کے صدر پروفیسر کیو سیوک لی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (PTF) کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) راجہ وسیم احمد، سی ای او عمر سعید، ATU کے نائب صدر سانگ جن کم، سیکٹر کمانڈر اسلام آباد رینجرز بریگیڈیئر غضنفر علی تارڑ، جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جن اور قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافن بھی موجود تھے۔

تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانہ کے بعد مہمانِ خصوصی پروفیسر کیو سیوک لی نے چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیمپئن شپ کی ٹرافی کی رونمائی، ریفریز، کوچز اور کھلاڑیوں کی جانب سے حلف اٹھانے کی تقریب، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کا آفیشل نغمہ، چیمپئن شپ کی تاریخ پر مبنی ڈاکومنٹری اور ایونٹ کے ٹائٹل اسپانسر کومبیکس کا خصوصی پرومو بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستانی کھلاڑیوں کو تائیکوانڈو کی عالمی مقابلوں تک رسائی اور نمایاں پرفارمنس پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی کاوششوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ایشین تائیکوانڈو یونین کے صدر پروفیسر کیو سیوک لی کاکہنا تھا کہ پاکستان میں تسلسل کے ساتھ تائیکوانڈو کے انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہاں اس کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ آئندہ بھی پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

پی ٹی ایف کے سی ای او عمر سعید نے ساتویں کومبیکس ایشین تائیکوانڈو چیمپئین شپ کی میزبانی کو ملک کیلئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے پاکستان کے مثبت امیج کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ ایسے انٹرنیشنل ایونٹس ہمارے کھلاڑیوں کی پیشہ وارانہ ترقی اور اپنے بین الاقوامی ہم عصر کھلاڑیوں سے مقابلے میں بہت معاون ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر پی ٹی ایف کے صدر کرنل (ر) راجہ وسیم احمد، ویمن ونگ کی صدر شمیم اختر، فیڈریشن کے ایگزیکٹیو ممبران صداقت حسین، زبیر ماچا کو اعزازی شیلڈز جبکہ پاکستان، کوریا، ازبکستان اور سعودی عرب کے نمایاں تائیکوانڈو آفیشلز کو کیوروجی وائس چیئرمین کے تقرری سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

اشتہار
Back to top button