عالمی یوم کینسر پاکستان سمیت آج دنیا بھر میں منایا جا رہا
عالمی یوم کینسر پاکستان سمیت آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور اس کے بچاؤ، ابتدائی تشخیص اور علاج کے طریقوں پر روشنی ڈالنا ہے۔
اس سال عالمی یوم کینسر کا تھیم “United by Unique” ہے، جو مختلف ممالک، کمیونٹیز اور افراد کو کینسر کی شناخت، علاج اور اس سے بچاؤ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ دن کینسر کے مریضوں کی مدد کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے اور اس بیماری کے بارے میں شعور بڑھانے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے عالمی ادارے اور مختلف تنظیمیں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
مختلف ممالک میں اس دن کی مناسبت سے سول سوسائٹی، حکومتوں اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، مذاکرے، واکس اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو 2030 تک کینسر سے متاثرہ افراد کی اموات کئی گنا تجاوز ہونے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر سرطان کی بر وقت تشخیص ہوجائے تو اس کا علاج ممکن ہے مگر ترقی پذیر ممالک میں سرطان کی ابتدائی تشخیص کی شرح بہت کم ہے جس کی وجہ عوامی آگہی کافقدان ہے۔
سرطان کی ابتدائی علامات میں مستقل تھکن، وزن میں اچانک کمی، درد، بخار، ہاضمے کی مسلسل خرابی اور کھانسی وغیرہ شامل ہیں۔