حکومت طلبا کےلیےجدیداورمعیاری نصاب تشکیل دینےکا ارادہ رکھتی ہے، محی الدین وانی
اسلام آبادمیں آکسفورڈ اے کیو اے اسکول لیڈرز کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئےوفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نےکہاکہ حکومت طلبا کےلیےجدیداورمعیاری نصاب تشکیل دینےکا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اسلام آباد میں دوہائی ٹیک کلاس رومز قائم کیے جا چکےہیں، فیڈرل بورڈ میں مصنوعی ذہانت (AI) کا نظام متعارف کروایاگیاہے۔ ان کا مزیدکہناتھا پبلک اسکولز کےمعیار کوبلند کرنےپرتوجہ دی جارہی ہے۔ محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آکسفورڈ اے کیو اے اسکول لیڈرز کانفرنس تعلیمی میدان میں بہترین دماغوں کواکٹھا کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ جس سے ہم جدید تعلیم کے لیے ایک راہ متعین کر رہے ہیں، ضروری ہے کہ ہمارے اسکول کے طلباء کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی طریقوں کو بدلنے کے عمل میں بھی قیادت کریں تاکہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آکسفورڈ اے کیو اے عالمی معیار کا تعلیمی نظام ہے جو طلبا کو دنیا کے دیگر ممالک کے طلبا کے ساتھ مسابقت کے قابل بناتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کے تحت مزید اسکولز شامل ہو رہے ہیں، جو تعلیمی شعبے میں مثبت تبدیلی کا مظہر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "ہمیں ایک دوسرے سے، اور پاکستان میں موجود مقامی وسائل سے سیکھنے کی صلاحیت کا ادراک کرنا ہوگا۔ ہم آکسفورڈ اے کیو اے میں عالمی اور مقامی تجربات کا امتزاج یقینی بناتے ہیں تاکہ ایک درست توازن حاصل کیا جاسکے۔”
تقریب کے ایک سیشن میں اظہار خیال کرتے سابق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور پائیڈ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹرندیم حق نے کہا کہ پاکستانی تعلیمی نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔تعلیم ایسی چیز نہیں جسے زور زبردستی سکھایا جا سکے۔ ایسا ماحول بنانے کی ضرورت ہے جہاں سیکھنے کے مواقع ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں اور نجی سکولوں کے اساتذہ کو میسر سہولتوں میں بہت فرق ہے۔
آکسفورڈ اے کیو اے کے سربراہ اینڈریو کومب نے کہا کہ پاکستانی نظام تعلیم میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور آکسفورڈ اے کیو اے ایسا تعلیمی نظام ہے جو پاکستان کے تعلیمی شعبے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ کانفرنس میں تعلیمی ماہرین نے تعلیم کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کے ذریعے ملک کے تعلیمی شعبے میں ترقی ممکن ہے۔
کسفورڈ اے کیو اے پاکستان کی ڈائریکٹر سلمیٰ عدیل نے طلباء کو مستقبل کے لیے تیار مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تنظیم کے عزم کو اجاگر کیا۔
برٹش کونسل پاکستان کی ڈائریکٹر امتحانات، امانڈا انگرام کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ "ہمیں آکسفورڈ اے کیو اے کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے تاکہ پاکستانی طلباء کو عالمی معیار کی یو کے کوالیفیکیشنز فراہم کی جاسکیں۔ ہم نے کامیابی سے جنوری 2025 کے آکسفورڈ اے کیو اے کے پہلے امتحانی سیشن کو مکمل کیاہے۔”
تقریب میں آکسفورڈ اے کیو اے کی قیادت، جن میں تھریسا کرشم-نمو، اوین میک گاوین، اور امانڈا انگرام کے ساتھ ایک سوال و جواب کا سیشن بھی شامل تھا، جس نے معلمین کو عالمی تشخیصی ماہرین کے ساتھ براہ راست گفتگو کرنے کا موقع فراہم کیا۔