بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

گلے کی خراش کا گھریلوں طریقوں سے علاج

سرد موسم میں گلے کی خراش یا سوزش کا مسئلہ بہت عام ہوتا ہے۔گلے کی خراش یا سوزش بہت تکلیف دہ ہوتی ہے اور اس کے شکار افراد کے لیے کھانا پینا مشکل ہو جاتا ہے بلکہ کچھ کے لیے تو بات کرنا بھی تکلیف دہ ہوتا ہے۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند گھریلو طریقوں سے اس مسئلے سے نجات پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ڈاکٹروں نے بھی ان طریقوں کو گلے کی خراش کی شدت میں کمی لانے کے لیے مؤثر قرار دیا ہے۔مگر ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان طریقوں سے بیماری سے فوری نجات ممکن نہیں ہوتی تاہم تکلیف میں کمی ضرور آتی ہے۔

اگر گلے میں خراش کچھ عرصے میں ٹھیک نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔تو ان طریقوں کے بارے میں جانیں جو گلے کی خراش سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

شہد سے مدد لیں

شہد ورم کش ہوتا ہے اور کچھ ممالک جیسے کروشیا میں تو اسے دوا کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

زیادہ تر کیسز میں ورم ہی گلے میں خراش کا باعث بنتا ہے۔

ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ہمارا جسم گلے کے کسی انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے اور اس کے لیے ورم کو متحرک کرتا ہے، جس سے گلے کی خراش اور سوجن کا سامنا ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ شہد کے استعمال سے گلے کی خراش سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔

چائے بھی مفید

سبز چائے، لیمن ٹی اور چائے میں ہلدی کو شامل کرکے پینے سے گلے کی خراش پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اگر چائے میں شہد کو شامل کر دیا جائے تو گلے کی خراش کے لیے اس کا اثر دوگنا بڑھ جاتا ہے۔

عام چائے میں موجود حرارت سے بھی گلے کی خراش کی شدت میں کمی آتی ہے۔

ٹھنڈی اشیا

کچھ افراد کو گرم کی بجائے ٹھنڈی چیزوں کے استعمال سے گلے کی خراش پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

آئس کریم کھانے سے گلے کی خراش میں کمی آسکتی ہے، البتہ اگر ایک بار کھانے کے بعد شدت زیادہ محسوس ہو تو پھر یہ طریقہ دوبارہ مت آزمائیں۔

نمک ملے پانی سے غرارے

نمک ملے پانی سے غرارے کرنے سے بھی گلے کی خراش سے نجات میں مدد ملتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایک کپ گرم پانی میں کچھ مقدار میں نمک اور بیکنگ سوڈا مکس کریں۔

خراش سے جلد نجات کے لیے اس مکسچر سے دن میں 3 سے 4 بار غرارے کریں۔

پودینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے

پودینے کو ورم کش مانا جاتا ہے اور یہ گلے کی خراش میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے پودینے کو غذا میں استعمال کریں یا اس کی چائے بنا کر پی لیں۔

لہسن

لہسن کی اینٹی بائیوٹیک خصوصیات سے مختلف بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

گلے کی خراش پر قابو پانے کے لیے لہسن کو 15 منٹ تک چبائیں یا اس کے ٹکڑے کو چوستے رہیں، پھر منہ سے باہر پھینک دیں۔

اگر خام لہسن کو چبانا مشکل ہے تو اس پر شہد کا اضافہ کرلیں۔

اشتہار
Back to top button