پاکستان کا غزہ میں خونریزی اور تباہی روکنے کیلئے فوری غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں خونریزی اور تباہی روکنے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں خونریزی کا خاتمہ ہونا چاہیے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے عالمگیر احترام کے دفاع اور اسے برقرار رکھنے کے لیے متحد ہو جائے۔

انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ محفوظ انسانی راہداریاں قائم کرے، تاکہ لوگوں کو زندگی بچانے والی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہو سکے، اور غزہ کے تباہ شدہ صحت کے نظام کی تعمیر نو کی کوششوں کو ترجیح دی جاسکے۔عاصم افتخار نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا، اور اس اقدام کو ایک اخلاقی ضرورت قرار دیا، جو دو ریاستی حل کی ناقابل واپسی کو یقینی بناسکے۔

Exit mobile version