وطن عزیز کے قیام کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لازوال قربانیاں دیں، ایکس پریذیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب
ایکس پریذیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب ایڈووکیٹ ملک طاہررضا بگھور نےمیڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ء پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لازوال قربانیاں دیں ۔ اب اس پیارے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں من حیث القوم اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ،امن و سلامتی اور استحکام کےلئے ہمیں بحثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی ء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح حقیقت میں ایک عظیم انسان تھے۔ جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو حضور نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ قائداعظم محمد علی جناح نے پورے خلوص سے پاکستان کے قیام کےلئے جدوجہد کی یہی وجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے بھی قیام پاکستان کی عظیم المرتبت تحریک میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
ایڈووکیٹ ملک طاہررضا بگھور نے مزید کہا کہ نسل نو کو بانی ء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سے روشناس کرانے کےلئے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا تاکہ ایک آزاد فلاحی ریاست کے قیام کا مقصد پورا ہوسکے . انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ بابائے قوم کے فرمودات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے مادرگیتی کی تعمیر و ترقی کے لیےبھرپور کردار ادا کریں ۔