پاکستان آرمی نے قائد اعظم نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2024 جیت لی
پاکستان ارمی نے قائد اعظم نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2024 جیت لی، تین دن تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا انعقاد پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر میں کیا گیا، جہاں ملک کے بہترین ویٹ لفٹرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
چیمپئن شپ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان آرمی نے 78 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ پاکستان واپڈا 71 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جبکہ پنجاب نے36 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آزاد کشمیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
کرنل آصف ڈار، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر شیخ فاروق، اور آکسیی جم کے سی ای اور بیریسٹر ابتسام ، میاں اعظم بھی اس موقع پر موجود تھے جنھوں نے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا بلکہ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں فاتح کھلاڑیوں کو شیلڈز، ٹرافیاں اور میڈلز دیے گئے، جس سے کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کرنل حافظ ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کو کھیل میں محنت اور ایمانداری کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈوپنگ جیسے غیر قانونی عمل سے دور رہنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہ کھلاڑیوں کے کیریئر اور صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
یہ چیمپئن شپ نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ کھیلوں کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے ایک اہم سنگ میل بھی ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں شرکت کی، جس سے کھیلوں کے لیے عوامی جوش و خروش کا مظاہرہ ہوا۔
قائداعظم نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2024 ایک کامیاب اور یادگار ایونٹ کے طور پر یاد رکھی جائے گی، جو پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔