گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز نورپورتھل میں سرکاری سکولوں کے سالانہ سپورٹس مقابلوں کا آغاز
محکمہ ء تعلیم ضلع خوشاب کی ہدایت پر گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز نورپورتھل میں سرکاری سکولوں کے سالانہ سپورٹس مقابلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر تحصیل نوپر تھل ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پروفیسر عبدالغفور ملک اور سینیئر ہیڈ ماسٹر ملک محمد امتیاز حسین بوڑانہ نے باقاعدہ سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔
اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد آصف خان نیازی سمیت فزیکل ٹیچرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سالانہ تحصیل لیول سپورٹس مقابلوں کی نگرانی انچارج سپورٹس پی ای ٹی حافظ فہیم الرحمان کر رہے ہیں ۔ ان سپورٹس مقابلوں میں والی بال، لانگ جمپ ،ہائی جمپ، 100 میٹر دوڑ، کرکٹ ، رسہ کشی ، گولہ پھینکنا، بوری دوڑ اور دیگر مقابلہ جات شامل ہیں۔
سالانہ سپورٹس مقابلوں میں مختلف سرکاری سکولوں کے طلباء بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور ان کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹرملک منیر حسین کلو کے مطابق حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے اور سالانہ سپورٹس مقابلوں کا انعقاد اس سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ بچوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو جلا مل سکے ۔