بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا، نائب وزیراعظم

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تاریخ ہے ان کا کوئی احتجاج یا ریلی پر امن نہیں رہی لیکن قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا۔اسلام آباد میں غیر ملکی سفرا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ 24 نومبرکو غیر ملکی وفد پاکستان کے دورے پر تھا اور ایسے موقع پر ایک جماعت نے حیران کن طور پر احتجاج کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اسی جماعت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر احتجاج کیا اور 35 پنکچر کا بیانیہ بنایا لیکن کمیشن نے دھاندلی کے دعوے جھوٹے قرار دیے تاہم پی ٹی آئی قیادت نے معاہدے کے مطابق غلط الزام کی معافی نہیں مانگی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کے لیے مقامات کا تعین کیا گیا ہے، حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ریڈ زون میں احتجاج سے باز رکھنے کے لیے ان سے مذاکرات کیے۔

اسحقٰ ڈار نے کہا کہ وفاق کے خلاف احتجاج کے لیے صوبائی حکومت کے وسائل استعمال کئے گئے، اس کے علاوہ احتجاج کے دوران صوبائی حکومت کا اسلحہ اور شیل بھی استعمال کیے گئے لیکن اس کے باوجود غلط بیانی کی گئی کیوں پی ٹی آئی فیک نیوز پھیلانے کی ماہر ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ سفیروں کی سیکیورٹی ہمیں خود سے بھی زیادہ عزیز ہے، ریڈ زون میں قانون سازی کے ذریعے احتجاج کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے، ریڈزون کی سیکیورٹی سے متعلق خصوصی قوانین نافذ کیے گئے ہیں کیوں کہ ریڈ زون کی سیکیورٹی ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے۔

اشتہار
Back to top button