بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ملک میں مہنگائی کی شرح 78ماہ کی کم ترین سطح پرآگئی، وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 78ماہ کی کم ترین سطح پرآگئی، اب نجی شعبے نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے 12 سے14 ماہ میں ہم نے مثبت اور قابل ذکر کارکردگی دکھائی ہے، مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ کی سطح پر ہم مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ملکی آمدنی میں ہر ماہ اضافہ ہورہا ہے اور ہم اس پائیدار نکتے پر پہنچنے والے ہیں جہاں ہم یہ بات کرسکیں گے کہ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں اس بنیاد کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرنسی کی بات کی جائے تو ایک موقع پر زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2 ہفتے کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل تھے جو کہ اب ڈھائی ماہ کی درآمدی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہم اسی سمت آگے بڑھتے رہے تو زرمبادلہ کے ذخائر 3 ماہ کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہوجائیں گے جسے عالمی معیار کے حوالے سے بہتر تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نومبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح پچھلے 78 ماہ کی کم ترین سطح 4.9 فیصد پر آگئی ہے جبکہ شرح سود 13 فیصد سے نیچے آگئی ہے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ معیشت میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے، حکومت نجی شعبے میں کم سے کم مداخلت کرے گی اور صرف پالیسی گائیڈ لائنز اور سبسڈیز دے گی کیونکہ اب نجی شعبے نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے، ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔وزیر خزانہ نے بڑھتی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی کو دو بنیادی مسائل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 24، 25 کروڑ کی آبادی ہے جو کہ 2.55 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کا آبادی سے براہ راست تعلق ہے، 2022 کا سیلاب تعمیر و بحالی کے حوالے سے ہمیں جگانے کے لیے کافی تھا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت سندھ کا کردار قابل تعریف ہے جس نے متاثرین کے لیےدریا کے کناروں پر دوبارہ گھر بنانے کے بجائے پائیدار تعمیرات کی طرف توجہ دی ہے۔

اشتہار
Back to top button