فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن، پاکستانی قیادت کا مکمل حمایت کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
صدرآصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت کے لیے پرعزم ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنےکے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے، پاکستان تمام جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل تاریخ کے گھناؤنے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اب تک ہزاروں معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کر چکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں، ہسپتالوں، اسکولوں اور انفرااسٹرکچر پر حملوں کو روکا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آزادی اور حق خودارادیت کے لیے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی پُرعزم طریقے سے حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل چاہتا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینی عوام کوپاکستانی قوم کی مکمل سفارتی اورسیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 181 کے تحت ہر سال 29 نومبر کو فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔