بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈ ے میچ آج کھیلا جائیگا

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریزآج  اتوار سے شروع ہورہی ہے جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں بھی مدمقابل ہونگی۔24 نومبر سے 5 دسمبر تک یہ تمام میچز بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔اس ماہ پاکستان کی یہ دوسری ون ڈے سیریز ہوگی۔ اس نے آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دی تھی۔عاقب جاوید کی عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ون ڈے سیریز ہوگی۔ انہیں چیمپینز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ محمد رضوان کی قیادت میں بدھ کو زمبابوے پہنچا تھا اور ون ڈے سیریز سے قبل تین پریکٹس سیشنز کیے۔ پندرہ رکنی اسکواڈ میں عرفات منہاس، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد احمد دانیال شاہنواز دھانی اور طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری بار ون ڈے سیریز نومبر 2020 میں راولپنڈی میں کھیلی گئی تھی جہاں پاکستان نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پاکستان نے زمبابوے کے آخری دورے پر جولائی 2018 میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔

کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز ہمارے لیے اتنی ہی اہم ہے کیونکہ ہمارا مقصد اپنی بینچ اسٹرینتھ کو جانچنا ہے اور آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے، ہمارا مقصد آخری ون ڈے سیریز کی جیت کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔ ہمارے تینوں اہم کھلاڑیوں کے آرام کرنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپی کا حامل ہوگا کہ دوسرے کھلاڑی اس سیریز میں کس طرح سامنے آتے ہیں اور ٹیم کی مدد کرتے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں متعدد بار زمبابوے کے خلاف کھیلنے کے بعد ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ تین ون ڈے میچوں کے دوران ہمارے لیے چیلنجز کا سامنا کریں گے ۔ یہ سیریز آسٹریلیا میں تاریخی جیت کے بعد ٹمپرامنٹ کا بھی امتحان لے گی۔

پاکستان ون ڈے اسکواڈ: محمد رضوان (کپتان) ابرار احمد، عامر جمال، عبداللہ شفیق، احمد دانیال، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، سلمان علی آغا (نائب کپتان) شاہنواز دھانی، صائم ایوب، اور طیب طاہر۔

زمبابوے ون ڈے اسکواڈ: کریگ ارون (کپتان) برائن بینٹ، بلیسنگ موزا ربانی، برینڈن ماوتا، کلائیو مڈاندے، ڈیون مائرز، فراز اکرم ، جوئے لارڈ گمبی، رچرڈ این گراوا، شان ولیمز، سکندر رضا، تادی واناشے مارومانی، تاشنگاموزیکیوا ۔ٹینوٹیندا ماپوسا اور ٹریور گوانڈو۔

میچوں کا شیڈول:

تمام میچز بولاوایو میں کھیلے جائیں گے۔

24 نومبر – پہلا ون ڈے ۔ ( پاکستان کے وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع)

26 نومبر – دوسرا ون ڈے (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع )

28 نومبر – تیسرا ون ڈے (پاکستان کے وقت کے مطابق ساڑے بارہ بجے شروع)

1 دسمبر – پہلا ٹی ٹوئنٹی ۔(پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع)

3 دسمبر – دوسرا ٹی ٹوئنٹی (پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع)

5 دسمبر – تیسرا ٹی ٹوئنٹی ۔ (پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع)

اشتہار
Back to top button