کل ایک خاتون نے ایسے دوست ملک پر حملہ کیا جو ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک خاتون جن کا سیاست سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، کل انہوں نے پاکستان پر جو حملہ کیا ہے، مجھے اپنی کانوں اور آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔
بلوچستان کے لیے آبپاشی منصوبے کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ایسے دوست ملک پر حملہ کیا، جو ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دوست ملک پاکستان کی مدد کو آیا، اور پاکستان کا ایک قابل بھروسہ دوست ہے، پاکستان کا محسن ہے، اس کے اوپر انہوں نے حملہ کیا تو میں حیران رہ گئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نہیں مان سکتی کہ ان کو اس کے نتائج کا نہیں پتا، پاکستان کے اوپر اس کے نتائج کا نہیں پتا، اور اس سے جو بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، اس کو ان کی خبر نہیں ہے، یہ بات میں نہیں مان سکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ جہاں اندرونی حملے بھی ہو رہے ہیں، اس دن بھی وزیراعظم آپ سے درخواست کی تھی، آپ نے کہا تھا کہ ملک کی ترقی میں ایک ہی چیز خلل ڈال سکتی ہے، اور وہ دہشتگردی ہے، آپ کی بات بالکل درست ہے، لیکن یہ صرف دہشت گردی نہیں ہو رہی ہے۔
ان کا بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ جو حملے خیبرپختونخوا سے پنجاب کے اوپر ہو رہے ہیں، یہ مناظر میں نے 76 سال کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے، یہ حملے خارجی یا دہشت گرد نہیں کررہے یہ حملے خیبرپختونخوا کی حکومت پنجاب اور وفاق پر کر رہی ہے اور ایک اور حملے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔