پاکستان اور سپین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سپیکر قومی اسمبلی
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان اور سپین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سپین کی سینیٹ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔دونوں فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسانی حقوق، چائلڈ لیبر، عالمی امن اور موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد باہمی خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔
سپیکر نے پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے پر سپین کی سینیٹ کی تعریف کی۔انہوں نے جمہوری طرز حکمرانی اور پارلیمانی خود مختاری کے لیے دونوں ممالک کے عزم کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وفود کے تبادلوں میں اضافہ سے ادارہ جاتی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ہسپانوی ارکان پارلیمنٹ نے پاکستان میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔