پاکستان اور بوسنیا اور ہرزیگوینا کا باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور بوسنیا اور ہرزیگوینا نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سماجی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعلقات کو مزید فروغ دینے اور گہرا کرنے کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان اور بوسنیا اور ہرزیگوینا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے دور میں کیا گیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ)، سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی، جب کہ بوسنیا کی قیادت وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل، سفیر ایڈن دلبرووچ نے کی۔اعلی اعتماد اور باہمی افہام و تفہیم کے ماحول میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام دائرہ کار کا جامع جائزہ لیا۔ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر ایڈن دلبرووچ نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی۔سیکرٹری خارجہ نے باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔