سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کل قومی اسمبلی میں پیش ہوگا
قومی اسمبلی کے کل شام چار 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پیش کیا جائے گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کل ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا۔اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کیا جائے گا، ایوان میں اجلاس کے دوران دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیے جائیں گے۔رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیاروں سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران بھی ایک توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔
اجلاس کل شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوگا۔واضح رہے کہ یکم نومبر کو قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی زیرِ صدارت ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) کا اجلاس ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کیا گیا تھا۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترمیمی آرڈیننس وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا تھا۔ایوان میں پیش ہونے والے آرڈیننس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 میں ایک ذیلی شق شامل کی گئی تھی جس کے تحت کمیٹی میں چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ ایک سینئر ترین جج اور ایک چیف جسٹس پاکستان کا نامزد کردہ جج شامل ہوگا۔