سری لنکا نے ہانگ کانگ سپر سکسز، پاکستان کو فائنل میں سرلنکا کے ہاتھوں شکست
سری لنکا نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ہانگ کانگ میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا کے کپتان لاہیورو مدوشنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔پاکستان کی بیٹنگ ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، پہلے ہی اوور میں آصف علی بغیر کھاتہ کھولے اور حسین طلعت 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑی فاسٹ باؤلر دھننجایا لکشن کا شکار بنے۔
ابتدا میں دو وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف اور اوپننگ بیٹر محمد اخلاق نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو 34 رنز تک پہچانے میں کامیاب ہوئے، محمد اخلاق نے 20 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، فہیم اشرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے، سری لنکن باؤلرز نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 5.2 اوورز میں 72 رنز تک محدود رکھا، دھننجیا لکشن اور تھرینڈو رتنائیکے نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قومی ٹیم کے 73 رنز کے دیے گئے ہدف کو لنکن بیٹرز نے 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، اوپننگ بیٹر سندون ویراکوڈی 13 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔سری لنکن کپتان لاہیورو مدوشنکا نے 5 گیندوں پر 19 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی 2007 کے بعد پہلی بار ایونٹ میں فتح دلائی۔دھننجایا لکشن کو شاندار باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین جبکہ تھرینڈو رتنائیکے کو ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔